ٹنڈومحمد خان: ‘شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈک سینٹر’ میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری

کراچی: صوبہ سندھ کے علاقے ٹنڈو محمد خان میں قائم قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے چوتھے سیٹلائیٹ یونٹ ‘شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈک سینٹر ہسپتال’ میں باقاعدہ اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کردیا گیا جبکہ یہاں بچوں کے لیے پیڈیاٹرک کارڈیالوجی وارڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جاچکا ہے۔

این آئی سی وی ڈی کے ٹنڈو محمد خان میں قائم چوتھے سیٹلائیٹ یونٹ میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری سے متعلق منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے میڈیا کو بتایا کہ ٹنڈو محمد خان میں قائم سیٹلائیٹ ہسپتال میں اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال بچوں کے لیے پیڈیاٹرک سرجری کا باقاعدہ آغاز جلد کردیا جا ئے گا۔

انہوں نے کہاکہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائیٹ ہسپتال میں ٹھٹھہ، تھر ، بدین، ماتلی و دیگر ملحقہ علاقوں سے لوگ علاج کے لیے آرہے ہیں جبکہ اس سینٹر میں ان کا علاج جاری ہے۔

پروفیسر ندیم قمر کا مزید کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائیٹ ہسپتال میں بچوں کا علاج بھی کیا جارہا ہے کیونکہ مضافاتی علاقوں سے بچوں کی تعداد زیادہ آرہی ہے لہذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہاں پر پیڈیاٹرک وارڈ کا قیام فوری طور پر عمل میں لایا جائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائیٹ ہسپتال میں پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری بھی بہت جلد شروع کردی جائے گی۔

ہسپتال میں آپریشن تھیٹر کا ایک منظر — فوٹو: این آئی سی وی ڈی

اس موقع پر پیڈیاٹرک سرجن پروفیسر نجمہ پٹیل کا کہنا تھا کہ سندھ میں 60 ہزار سے زائد بچے پیدائشی جبکہ 30 ہزار سے زائد بچے پیدائش کے بعد دل کے امراض کا شکار ہو جاتے ہیں اور سالانہ 22 ہزار سے زائد دل کے امراض میں مبتلا نئے بچوں کا اندراج ہورہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان سیٹلائیٹ ہسپتال میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اس ہسپتال میں پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری کا آغاز کیا جائے۔

ادارے کے سیٹلائیٹ سینٹر میں ہونے والی پہلی اوپن ہارٹ سرجری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پروفیسر کارڈیک سرجری فضل ربی نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان میں ڈسٹرکٹ بدین کی تحصیل ماتلی کے رہائشی 52 سالہ حاجی شفیع کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کی گئی، مریض کی حالت کافی بہتر ہے جبکہ آپریشن بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے مکمل ہوا۔

مذکورہ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما اور ٹنڈو محمد خان سے منتخب رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا خواب تھا کہ ٹنڈو محمد خان میں مکمل طور پر کارڈیک ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے، اب اس کی تکمیل ہوچکی ہے۔

رکن قومی اسمبلی نوید قمر ہسپتال میں قائم بچوں کے وارڈ کا دورہ کررہے ہیں — فوٹو: این آئی سی وی ڈی

انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان سیٹلائیٹ ہسپتال اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے، ہمیں اس کو مزید بہتر بنانا ہوگا، انہوں نے ٹنڈو محمد خان سیٹلائیٹ ہسپتال میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری کرنے پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

اس تقریب میں مقامی رکن صوبائی اسمبلی اعجاز علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں