لاہور میں پولیس اہلکاروں کا آن لائن ٹیکسی کے منیجر پر تشدد

لاہور میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے آن لائن ٹیکسی سروس کے منیجر پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

پولیس اہلکاروں کی جانب سے آن لائن ٹیکسی سروس کے منیجر کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ 2 روز پہلے مناواں میں پیش آیا۔

آن لائن ٹیکسی سروس کے عملے کے مطابق انوسٹی گیشن پولیس کے اہلکاروں نے مسافروں کے متعلق معلومات طلب کیں، تحریری درخواست طلب کرنے پر تھانیدار غصے میں آگیا۔

پولیس اہلکاروں نے آفس منیجر کو تشدد کا نشانہ بنایا، گالیاں دیں اور زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔

واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پولیس اہلکاروں کے آن لائن ٹیکسی سروس کے منیجر پر تشدد کا نوٹس لے لیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کے مطابق عثمان بزدار کو واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے ایسا رویہ قطعاً قابل برداشت نہیں ہے۔

دوسری جانب ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ شاہنواز نے بتایا کہ کمپنی منیجر اور پولیس اہلکاروں کے درمیان صلح ہو گئی ہے، تاہم متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں